طسٓمٓ ١
ط س م
الشعراء
Surah 26 · 227 verses · makkah
طسٓمٓ ١
ط س م
تِلْكَ ءَايَـٰتُ ٱلْكِتَـٰبِ ٱلْمُبِينِ ٢
یہ کتابِ مبین کی آیات ہیں۔
لَعَلَّكَ بَـٰخِعٌ نَّفْسَكَ أَلَّا يَكُونُواْ مُؤْمِنِينَ ٣
اے محمدؐ ، شاید تم اس غم میں اپنی جان کھو دو گے کہ یہ لوگ ایمان نہیں لاتے۔
إِن نَّشَأْ نُنَزِّلْ عَلَيْهِم مِّنَ ٱلسَّمَآءِ ءَايَةً فَظَلَّتْ أَعْنَـٰقُهُمْ لَهَا خَـٰضِعِينَ ٤
ہم چاہیں تو آسمان سے ایسی نشانی نازل کر سکتے ہیں کہ اِن کی گردنیں اس کے آگے جُھک جائیں۔
وَمَا يَأْتِيهِم مِّن ذِكْرٍ مِّنَ ٱلرَّحْمَـٰنِ مُحْدَثٍ إِلَّا كَانُواْ عَنْهُ مُعْرِضِينَ ٥
اِن لوگوں کے پاس رحمان کی طرف سے جو نئی نصیحت بھی آتی ہے یہ اس سے منہ موڑ لیتے ہیں
فَقَدْ كَذَّبُواْ فَسَيَأْتِيهِمْ أَنۢبَـٰٓؤُاْ مَا كَانُواْ بِهِۦ يَسْتَهْزِءُونَ ٦
اب کہ یہ جھُٹلا چکے ہیں، عنقریب اِن کو اس چیز کی حقیقت (مختلف طریقوں سے)معلوم ہو جائے گی جس کا یہ مذاق اُڑاتے رہے ہیں۔
أَوَلَمْ يَرَوْاْ إِلَى ٱلْأَرْضِ كَمْ أَنۢبَتْنَا فِيهَا مِن كُلِّ زَوْجٍ كَرِيمٍ ٧
اور کیا انہوں نے کبھی زمین پر نگاہ نہیں ڈالی کہ ہم نے کتنی کثیر مقدار میں ہر طرح کی عمدہ نباتات اس میں پیدا کی ہیں؟
إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ٨
یقیناً اس میں ایک نشانی ہے ، مگر ان میں سے اکثر ماننے والے نہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ٩
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا ربّ زبردست بھی ہے اور رحیم بھی۔
وَإِذْ نَادَىٰ رَبُّكَ مُوسَىٰٓ أَنِ ٱئْتِ ٱلْقَوْمَ ٱلظَّـٰلِمِينَ ١٠
اِنہیں اُس وقت کا قصہ سُناوٴ جب کہ تمہارے ربّ نے موسیٰؑ کو پکارا” ظالم قوم کے پاس جا
قَوْمَ فِرْعَوْنَۚ أَلَا يَتَّقُونَ ١١
فرعون کی قوم کے پاس ۔۔۔۔ کیا وہ نہیں ڈرتے؟“
قَالَ رَبِّ إِنِّىٓ أَخَافُ أَن يُكَذِّبُونِ ١٢
اُس نے عرض کیا "اے رب، مجھے خوف ہے کہ وہ مجھے جھٹلا دیں گے
وَيَضِيقُ صَدْرِى وَلَا يَنطَلِقُ لِسَانِى فَأَرْسِلْ إِلَىٰ هَـٰرُونَ ١٣
میرا سینہ گھُٹتا ہے اور میری زبان نہیں چلتی۔ آپ ہارونؑ کی طرف رسالت بھیجیں۔
وَلَهُمْ عَلَىَّ ذَنۢبٌ فَأَخَافُ أَن يَقْتُلُونِ ١٤
اور مجھ پر اُن کےہاں ایک جُرم کا الزام بھی ہے ، اس لیے میں ڈرتا ہوں کہ وہ مجھے قتل کر دیں گے۔“
قَالَ كَلَّاۖ فَٱذْهَبَا بِـَٔـايَـٰتِنَآۖ إِنَّا مَعَكُم مُّسْتَمِعُونَ ١٥
فرمایا”ہر گز نہیں، تم دونوں جاوٴ ہماری نشانیاں لے کر ، ہم تمہارے ساتھ سب کچھ سُنتے رہیں گے
فَأْتِيَا فِرْعَوْنَ فَقُولَآ إِنَّا رَسُولُ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٦
فرعون کے پاس جاؤ اور اس سے کہو، ہم کو رب العٰلمین نے اس لیے بھیجا ہے
أَنْ أَرْسِلْ مَعَنَا بَنِىٓ إِسْرَٲٓءِيلَ ١٧
کہ تُو بنی اسرائیل کو ہمارے ساتھ جانے دے۔“
قَالَ أَلَمْ نُرَبِّكَ فِينَا وَلِيدًا وَلَبِثْتَ فِينَا مِنْ عُمُرِكَ سِنِينَ ١٨
فرعون نے کہا”کیا ہم نے تجھ کو اپنے ہاں بچہ سا نہیں پالا تھا؟ تُو نے اپنی عمر کے کئی سال ہمارے ہاں گزارے
وَفَعَلْتَ فَعْلَتَكَ ٱلَّتِى فَعَلْتَ وَأَنتَ مِنَ ٱلْكَـٰفِرِينَ ١٩
اور اس کے بعد کر گیا جو کچھ کہ کر گیا ، تُو بڑا احسان فراموش آدمی ہے۔“
قَالَ فَعَلْتُهَآ إِذًا وَأَنَا۟ مِنَ ٱلضَّآلِّينَ ٢٠
موسیٰؑ نے جواب دیا”اُس وقت وہ کام میں نے نا دانستگی میں کر دیا تھا۔
فَفَرَرْتُ مِنكُمْ لَمَّا خِفْتُكُمْ فَوَهَبَ لِى رَبِّى حُكْمًا وَجَعَلَنِى مِنَ ٱلْمُرْسَلِينَ ٢١
پھر میں تمہارے خوف سے بھاگ گیا۔ اس کے بعد میرے ربّ نے مجھ کو حکم عطا کیا اور مجھے رسُولوں میں شامل فرما لیا
وَتِلْكَ نِعْمَةٌ تَمُنُّهَا عَلَىَّ أَنْ عَبَّدتَّ بَنِىٓ إِسْرَٲٓءِيلَ ٢٢
رہا تیرا احسان جو تُو نے مجھ پر جتایا ہے تو اس کی حقیقت یہ ہے کہ تُو نے بنی اسرائیل کو غلام بنا لیا تھا۔“
قَالَ فِرْعَوْنُ وَمَا رَبُّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ٢٣
فرعون نے کہا ”اور یہ ربّ العالمین کیا ہوتا ہے؟“
قَالَ رَبُّ ٱلسَّمَـٰوَٲتِ وَٱلْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَآۖ إِن كُنتُم مُّوقِنِينَ ٢٤
موسیٰؑ نے جواب دیا”آسمانوں اور زمین کا ربّ، اور اُن سب چیزوں کا ربّ جو آسمان و زمین کے درمیان ہیں، اگر تم یقین لانے والے ہو۔“
قَالَ لِمَنْ حَوْلَهُۥٓ أَلَا تَسْتَمِعُونَ ٢٥
فرعون نے اپنے گرد و پیش کے لوگوں سے کہا "سُنتے ہو؟"
قَالَ رَبُّكُمْ وَرَبُّ ءَابَآئِكُمُ ٱلْأَوَّلِينَ ٢٦
موسیٰؑ نے کہا”تمہارا ربّ بھی اور تمہارے اُن آباوٴ اجداد کا ربّ بھی جو گزر چکے ہیں۔“
قَالَ إِنَّ رَسُولَكُمُ ٱلَّذِىٓ أُرْسِلَ إِلَيْكُمْ لَمَجْنُونٌ ٢٧
فرعون نے (حاضرین سے) کہا "تمہارے یہ رسول صاحب جو تمہاری طرف بھیجے گئے ہیں، بالکل ہی پاگل معلوم ہوتے ہیں"
قَالَ رَبُّ ٱلْمَشْرِقِ وَٱلْمَغْرِبِ وَمَا بَيْنَهُمَآۖ إِن كُنتُمْ تَعْقِلُونَ ٢٨
موسیٰؑ نے کہا”مشرق و مغرب اور جو کچھ ان کے درمیان میں ہے سب کا ربّ، اگر آپ لوگ کچھ عقل رکھتے ہیں۔“
قَالَ لَئِنِ ٱتَّخَذْتَ إِلَـٰهًا غَيْرِى لَأَجْعَلَنَّكَ مِنَ ٱلْمَسْجُونِينَ ٢٩
فرعون نے کہا”اگر تُو نے میرے سوا کسی اور کو معبُود مانا تو تجھے بھی اُن لوگوں میں شامل کر دوں گا جو قید خانوں میں پڑے سڑ رہے ہیں۔“
قَالَ أَوَلَوْ جِئْتُكَ بِشَىْءٍ مُّبِينٍ ٣٠
موسیٰؑ نے کہا”اگر چہ میں لے آوٴں تیرے سامنے ایک صریح چیز بھی؟“
قَالَ فَأْتِ بِهِۦٓ إِن كُنتَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ ٣١
فرعون نے کہا”اچھا تو لے آ اگر تُو سچا ہے۔ “
فَأَلْقَىٰ عَصَاهُ فَإِذَا هِىَ ثُعْبَانٌ مُّبِينٌ ٣٢
(اس کی زبان سے یہ بات نکلتے ہی)موسیٰؑ نے اپنا عصا پھینکا اور یکایک وہ ایک صریح اژدہا تھا۔
وَنَزَعَ يَدَهُۥ فَإِذَا هِىَ بَيْضَآءُ لِلنَّـٰظِرِينَ ٣٣
پھر اُس نے اپنا ہاتھ (بغل سے)کھینچا اور وہ سب دیکھنے والوں کے سامنے چمک رہا تھا۔
قَالَ لِلْمَلَإِ حَوْلَهُۥٓ إِنَّ هَـٰذَا لَسَـٰحِرٌ عَلِيمٌ ٣٤
فرعون اپنے گرد و پیش کے سرداروں سے بولا "یہ شخص یقیناً ایک ماہر جادوگر ہے
يُرِيدُ أَن يُخْرِجَكُم مِّنْ أَرْضِكُم بِسِحْرِهِۦ فَمَاذَا تَأْمُرُونَ ٣٥
چاہتا ہے کہ اپنے جادُو کے زور سے تم کو تمہارے ملک سے نکال دے۔ اب بتاوٴ تم کیا حکم دیتے ہو؟“
قَالُوٓاْ أَرْجِهْ وَأَخَاهُ وَٱبْعَثْ فِى ٱلْمَدَآئِنِ حَـٰشِرِينَ ٣٦
انہوں نے کہا "اسے اور اس کے بھائی کو روک لیجیے اور شہروں میں ہرکارے بھیج دیجیے
يَأْتُوكَ بِكُلِّ سَحَّارٍ عَلِيمٍ ٣٧
کہ ہر سیانے جادوگر کو آپ کے پاس لے آئیں"
فَجُمِعَ ٱلسَّحَرَةُ لِمِيقَـٰتِ يَوْمٍ مَّعْلُومٍ ٣٨
چنانچہ ایک روز مقرر وقت پر جادُو گر اکٹھے کر لیے گئے
وَقِيلَ لِلنَّاسِ هَلْ أَنتُم مُّجْتَمِعُونَ ٣٩
اور لوگوں سے کہا گیا”تم اجتماع میں چلو گے؟
لَعَلَّنَا نَتَّبِعُ ٱلسَّحَرَةَ إِن كَانُواْ هُمُ ٱلْغَـٰلِبِينَ ٤٠
شاید کہ ہم جادُوگروں کے دین ہی پر رہ جائیں اگر وہ غالب رہے۔“
فَلَمَّا جَآءَ ٱلسَّحَرَةُ قَالُواْ لِفِرْعَوْنَ أَئِنَّ لَنَا لَأَجْرًا إِن كُنَّا نَحْنُ ٱلْغَـٰلِبِينَ ٤١
جب جادُو گر میدان میں آئے تو انہوں نے فرعون سے کہا”ہمیں انعام تو ملے گا اگر ہم غالب رہے؟“
قَالَ نَعَمْ وَإِنَّكُمْ إِذًا لَّمِنَ ٱلْمُقَرَّبِينَ ٤٢
اس نے کہا”ہاں، اور تم تو اس وقت مقربّین میں شامل ہو جاوٴ گے۔“
قَالَ لَهُم مُّوسَىٰٓ أَلْقُواْ مَآ أَنتُم مُّلْقُونَ ٤٣
موسیٰؑ نے کہا "پھینکو جو تمہیں پھینکنا ہے"
فَأَلْقَوْاْ حِبَالَهُمْ وَعِصِيَّهُمْ وَقَالُواْ بِعِزَّةِ فِرْعَوْنَ إِنَّا لَنَحْنُ ٱلْغَـٰلِبُونَ ٤٤
انہوں نے فوراً اپنی رسّیاں اور لاٹھیاں پھینک دیں اور بولے”فرعون کے اقبال سے ہم ہی غالب رہیں گے۔“
فَأَلْقَىٰ مُوسَىٰ عَصَاهُ فَإِذَا هِىَ تَلْقَفُ مَا يَأْفِكُونَ ٤٥
پھر موسیٰؑ نے اپنا عصا پھینکا تو یکایک وہ ان کے جھوٹے کرشموں کو ہڑپ کرتا چلا جا رہا تھا
فَأُلْقِىَ ٱلسَّحَرَةُ سَـٰجِدِينَ ٤٦
اس پر سارے جادوگر بے اختیار سجدے میں گر پڑے
قَالُوٓاْ ءَامَنَّا بِرَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ٤٧
اور بول اٹھے کہ "مان گئے ہم رب العالمین کو
رَبِّ مُوسَىٰ وَهَـٰرُونَ ٤٨
موسیٰؑ اور ہارونؑ کے ربّ کو۔“
قَالَ ءَامَنتُمْ لَهُۥ قَبْلَ أَنْ ءَاذَنَ لَكُمْۖ إِنَّهُۥ لَكَبِيرُكُمُ ٱلَّذِى عَلَّمَكُمُ ٱلسِّحْرَ فَلَسَوْفَ تَعْلَمُونَۚ لَأُقَطِّعَنَّ أَيْدِيَكُمْ وَأَرْجُلَكُم مِّنْ خِلَـٰفٍ وَلَأُصَلِّبَنَّكُمْ أَجْمَعِينَ ٤٩
فرعون نے کہا”تم موسیٰؑ کی بات مان گئے قبل اس کے کہ میں تمہیں اجازت دیتا! ضرور یہ تمہارا بڑا ہے جس نے تمہیں جادُو سکھایا ہے۔ اچھا، ابھی تمہیں معلوم ہوا جاتا ہے، میں تمہارے ہاتھ پاوٴں مخالف سمتوں سے کٹواوٴں گا اور تم سب کو سُولی پر چڑھادوں گا۔“
قَالُواْ لَا ضَيْرَۖ إِنَّآ إِلَىٰ رَبِّنَا مُنقَلِبُونَ ٥٠
انہوں نے جواب دیا "کچھ پرواہ نہیں، ہم اپنے رب کے حضور پہنچ جائیں گے
إِنَّا نَطْمَعُ أَن يَغْفِرَ لَنَا رَبُّنَا خَطَـٰيَـٰنَآ أَن كُنَّآ أَوَّلَ ٱلْمُؤْمِنِينَ ٥١
اور ہمیں توقع ہے کہ ہمارا ربّ ہمارے گناہ معاف کر دے گا کیونکہ سب سے پہلے ہم ایمان لائے ہیں۔“
۞ وَأَوْحَيْنَآ إِلَىٰ مُوسَىٰٓ أَنْ أَسْرِ بِعِبَادِىٓ إِنَّكُم مُّتَّبَعُونَ ٥٢
ہم نے موسیٰؑ کو وحی بھیجی کہ”راتوں رات میرے بندوں کو لے کر نکل جاوٴ، تمہارا پیچھا کیا جائے گا۔“
فَأَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِى ٱلْمَدَآئِنِ حَـٰشِرِينَ ٥٣
اس پر فرعون نے (فوجیں جمع کرنے کے لیے) شہروں میں نقیب بھیج دیے
إِنَّ هَـٰٓؤُلَآءِ لَشِرْذِمَةٌ قَلِيلُونَ ٥٤
(اور کہلا بھیجا) کہ "یہ کچھ مٹھی بھر لوگ ہیں
وَإِنَّهُمْ لَنَا لَغَآئِظُونَ ٥٥
اور انہوں نے ہم کو بہت ناراض کیا ہے
وَإِنَّا لَجَمِيعٌ حَـٰذِرُونَ ٥٦
اور ہم ایک ایسی جماعت ہیں جس کا شیوہ ہر وقت چوکنّا رہنا ہے۔“
فَأَخْرَجْنَـٰهُم مِّن جَنَّـٰتٍ وَعُيُونٍ ٥٧
اِس طرح ہم انہیں ان کے باغوں اور چشموں
وَكُنُوزٍ وَمَقَامٍ كَرِيمٍ ٥٨
اور خزانوں اور ان کی بہترین قیام گاہوں سے نکال لائے۔
كَذَٲلِكَ وَأَوْرَثْنَـٰهَا بَنِىٓ إِسْرَٲٓءِيلَ ٥٩
یہ تو ہوا اُن کے ساتھ، اور (دُوسری طرف)بنی اسرائیل کو ہم نے ان سب چیزوں کا وارث کر دیا۔
فَأَتْبَعُوهُم مُّشْرِقِينَ ٦٠
صبح ہوتے ہی یہ لوگ اُن کے تعاقب میں چل پڑے
فَلَمَّا تَرَٲٓءَا ٱلْجَمْعَانِ قَالَ أَصْحَـٰبُ مُوسَىٰٓ إِنَّا لَمُدْرَكُونَ ٦١
جب دونوں گروہوں کا آمنا سامنا ہوا تو موسیٰؑ کے ساتھی چیخ اٹھے کہ "ہم تو پکڑے گئے"
قَالَ كَلَّآۖ إِنَّ مَعِىَ رَبِّى سَيَهْدِينِ ٦٢
موسیٰؑ نے کہا”ہر گز نہیں۔ میرے ساتھ میرا ربّ ہے۔ وہ ضرور میری رہنمائی فرمائے گا۔“
فَأَوْحَيْنَآ إِلَىٰ مُوسَىٰٓ أَنِ ٱضْرِب بِّعَصَاكَ ٱلْبَحْرَۖ فَٱنفَلَقَ فَكَانَ كُلُّ فِرْقٍ كَٱلطَّوْدِ ٱلْعَظِيمِ ٦٣
ہم نے موسیٰؑ کو وحی کے ذریعہ سے حکم دیا کہ”ماراپنا عصا سمندر پر۔“ یکایک سمندر پھٹ گیا اور اس کا ہر ٹکڑا ایک عظیم الشان پہاڑ کی طرح ہو گیا۔
وَأَزْلَفْنَا ثَمَّ ٱلْأَخَرِينَ ٦٤
اُسی جگہ ہم دُوسرے گروہ کو بھی قریب لے آئے۔
وَأَنجَيْنَا مُوسَىٰ وَمَن مَّعَهُۥٓ أَجْمَعِينَ ٦٥
موسیٰؑ اور اُن سب لوگوں کو جو اس کے ساتھ تھے، ہم نے بچا لیا
ثُمَّ أَغْرَقْنَا ٱلْأَخَرِينَ ٦٦
اور دوسروں کو غرق کر دیا
إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ٦٧
اس واقعہ میں ایک نشانی ہے ،مگر اِن لوگوں میں سے اکثر ماننے والے نہیں ہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ٦٨
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
وَٱتْلُ عَلَيْهِمْ نَبَأَ إِبْرَٲهِيمَ ٦٩
اور اِنہیں ابراہیمؑ کا قصہ سُناوٴ
إِذْ قَالَ لِأَبِيهِ وَقَوْمِهِۦ مَا تَعْبُدُونَ ٧٠
جبکہ اس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے پُوچھا تھا کہ”یہ کیا چیزیں ہیں جن کو تم پُوجتے ہو؟“
قَالُواْ نَعْبُدُ أَصْنَامًا فَنَظَلُّ لَهَا عَـٰكِفِينَ ٧١
انہوں نے جواب دیا”کچھ بُت ہیں جن کی ہم پُوجا کرتے ہیں اور انہی کی سیوا میں ہم لگے رہتے ہیں۔“
قَالَ هَلْ يَسْمَعُونَكُمْ إِذْ تَدْعُونَ ٧٢
اس نے پوچھا "کیا یہ تمہاری سنتے ہیں جب تم انہیں پکارتے ہو؟
أَوْ يَنفَعُونَكُمْ أَوْ يَضُرُّونَ ٧٣
یا یہ تمہیں کچھ نفع یا نقصان پہنچاتے ہیں؟"
قَالُواْ بَلْ وَجَدْنَآ ءَابَآءَنَا كَذَٲلِكَ يَفْعَلُونَ ٧٤
انہوں نے جواب دیا”نہیں، بلکہ ہم نے اپنے باپ دادا کو ایسا ہی کرتے پایا ہے۔“
قَالَ أَفَرَءَيْتُم مَّا كُنتُمْ تَعْبُدُونَ ٧٥
اس پر ابراہیمؑ نے کہا "کبھی تم نے (آنکھیں کھول کر) اُن چیزوں کو دیکھا بھی جن کی بندگی تم
أَنتُمْ وَءَابَآؤُكُمُ ٱلْأَقْدَمُونَ ٧٦
اور تمہارے پچھلے باپ دادا بجا لاتے رہے؟
فَإِنَّهُمْ عَدُوٌّ لِّىٓ إِلَّا رَبَّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ٧٧
میرے تو یہ سب دشمن ہیں ، بجز ایک ربّ العالمین کے
ٱلَّذِى خَلَقَنِى فَهُوَ يَهْدِينِ ٧٨
جس نے مجھے پیدا کیا ، پھر وہی میری رہنمائی فرماتا ہے
وَٱلَّذِى هُوَ يُطْعِمُنِى وَيَسْقِينِ ٧٩
جو مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے
وَإِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِينِ ٨٠
اور جب بیمار ہو جاتا ہوں تو وہی مجھے شفا دیتا ہے۔
وَٱلَّذِى يُمِيتُنِى ثُمَّ يُحْيِينِ ٨١
جو مجھے موت دے گا اور پھر دوبارہ مجھ کو زندگی بخشے گا
وَٱلَّذِىٓ أَطْمَعُ أَن يَغْفِرَ لِى خَطِيٓــَٔتِى يَوْمَ ٱلدِّينِ ٨٢
اور جس سے میں اُمید رکھتا ہوں کہ روزِ جزا میں وہ میری خطا معاف فرما دے گا۔“
رَبِّ هَبْ لِى حُكْمًا وَأَلْحِقْنِى بِٱلصَّـٰلِحِينَ ٨٣
(اِس کے بعد ابراہیمؑ نے دُعا کی)”اے میرے ربّ، مجھے حکم عطا کر۔ اور مجھ کو صالحوں کے ساتھ مِلا۔
وَٱجْعَل لِّى لِسَانَ صِدْقٍ فِى ٱلْأَخِرِينَ ٨٤
اور بعد کے آنے والوں میں مجھ کو سچی ناموری عطا کر۔
وَٱجْعَلْنِى مِن وَرَثَةِ جَنَّةِ ٱلنَّعِيمِ ٨٥
اور مجھے جنتِ نعیم کے وارثوں میں شامل فرما
وَٱغْفِرْ لِأَبِىٓ إِنَّهُۥ كَانَ مِنَ ٱلضَّآلِّينَ ٨٦
اور میرے باپ کو معاف کر دے کہ بے شک وہ گمراہ لوگوں میں سے ہے
وَلَا تُخْزِنِى يَوْمَ يُبْعَثُونَ ٨٧
اور مجھے اُس دن رُسوا نہ کر جبکہ سب لوگ زندہ کر کے اُٹھائے جائیں گے
يَوْمَ لَا يَنفَعُ مَالٌ وَلَا بَنُونَ ٨٨
جبکہ نہ مال کوئی فائدہ دے گا نہ اولاد
إِلَّا مَنْ أَتَى ٱللَّهَ بِقَلْبٍ سَلِيمٍ ٨٩
بجز اس کے کہ کوئی شخص قلبِ سلیم لیے ہوئے اللہ کے حضور حاضر ہو۔“
وَأُزْلِفَتِ ٱلْجَنَّةُ لِلْمُتَّقِينَ ٩٠
(اُس روز )جنّت پرہیز گاروں کے قریب لے آئی جائے گی
وَبُرِّزَتِ ٱلْجَحِيمُ لِلْغَاوِينَ ٩١
اور دوزخ بہکے ہوئے لوگوں کے سامنے کھول دی جائے گی
وَقِيلَ لَهُمْ أَيْنَ مَا كُنتُمْ تَعْبُدُونَ ٩٢
اور ان سے پوچھا جائے گا کہ "اب کہاں ہیں وہ جن کی تم خدا کو چھوڑ کر عبادت کیا کرتے تھے؟
مِن دُونِ ٱللَّهِ هَلْ يَنصُرُونَكُمْ أَوْ يَنتَصِرُونَ ٩٣
کیا وہ تمہاری کچھ مدد کر رہے ہیں یا خود اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں؟"
فَكُبْكِبُواْ فِيهَا هُمْ وَٱلْغَاوُۥنَ ٩٤
پھر وہ معبود اور یہ بہکے ہوئے لوگ
وَجُنُودُ إِبْلِيسَ أَجْمَعُونَ ٩٥
اور ابلیس کے لشکر سب کے سب اس میں اُوپر تلے دھکیل دیے جائیں گے۔
قَالُواْ وَهُمْ فِيهَا يَخْتَصِمُونَ ٩٦
وہاں یہ سب آپس میں جھگڑیں گے اور یہ بہکے ہوئے لوگ (اپنے معبودوں سے) کہیں گے
تَٱللَّهِ إِن كُنَّا لَفِى ضَلَـٰلٍ مُّبِينٍ ٩٧
کہ "خدا کی قسم، ہم تو صریح گمراہی میں مبتلا تھے
إِذْ نُسَوِّيكُم بِرَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ٩٨
جبکہ تم کو رب العالمین کی برابری کا درجہ دے رہے تھے
وَمَآ أَضَلَّنَآ إِلَّا ٱلْمُجْرِمُونَ ٩٩
اور وہ مجرم لوگ ہی تھے جنہوں نے ہم کو اس گمراہی میں ڈالا۔
فَمَا لَنَا مِن شَـٰفِعِينَ ١٠٠
اب نہ ہمارا کوئی سفارشی ہے
وَلَا صَدِيقٍ حَمِيمٍ ١٠١
اور نہ کوئی جگری دوست۔
فَلَوْ أَنَّ لَنَا كَرَّةً فَنَكُونَ مِنَ ٱلْمُؤْمِنِينَ ١٠٢
کاش ہمیں ایک دفعہ پھر پلٹنے کا موقع مل جائے تو ہم مومن ہوں۔“
إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ١٠٣
یقیناً اس میں ایک بڑی نشانی ہے ، مگر ان میں سے اکثر لوگ ایمان لانے والے نہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ١٠٤
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
كَذَّبَتْ قَوْمُ نُوحٍ ٱلْمُرْسَلِينَ ١٠٥
قومِ نوحؑ نے رسُولوں کو جھُٹلایا۔
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ نُوحٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٠٦
یاد کرو جبکہ اُن کے بھائی نوحؑ نے ان سے کہا تھا”کیا تم ڈرتے نہیں ہو؟
إِنِّى لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٠٧
میں تمہارے لیے ایک امانت دار رسُول ہوں
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٠٨
لہٰذا تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو۔
وَمَآ أَسْــَٔلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍۖ إِنْ أَجْرِىَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٠٩
میں اس کام پر تم سے کسی اجر کا طالب نہیں ہوں۔ میرا اجر تو ربّ العالمین کے ذمّہ ہے۔
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١١٠
پس تم اللہ سے ڈرو اور (بے کھٹکے)میری اطاعت کرو۔“
۞ قَالُوٓاْ أَنُؤْمِنُ لَكَ وَٱتَّبَعَكَ ٱلْأَرْذَلُونَ ١١١
انہوں نے جواب دیا”کیا ہم تجھے مان لیں حالانکہ تیری پیروی رذیل ترین لوگوں نے اختیار کی ہے؟“
قَالَ وَمَا عِلْمِى بِمَا كَانُواْ يَعْمَلُونَ ١١٢
نوحؑ نے کہا "میں کیا جانوں کہ ان کے عمل کیسے ہیں
إِنْ حِسَابُهُمْ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّىۖ لَوْ تَشْعُرُونَ ١١٣
ان کا حساب تو میرے ربّ کے ذمّہ ہے، کاش تم کچھ شعور سے کام لو۔
وَمَآ أَنَا۟ بِطَارِدِ ٱلْمُؤْمِنِينَ ١١٤
میرا یہ کام نہیں ہے کہ جو ایمان لائیں ان کو میں دھتکار دوں
إِنْ أَنَا۟ إِلَّا نَذِيرٌ مُّبِينٌ ١١٥
میں تو بس ایک صاف صاف متنبّہ کر دینے والا آدمی ہوں۔“
قَالُواْ لَئِن لَّمْ تَنتَهِ يَـٰنُوحُ لَتَكُونَنَّ مِنَ ٱلْمَرْجُومِينَ ١١٦
انہوں نے کہا”اے نُوحؑ ، اگر تُو باز نہ آیا تو پھِٹکارے ہوئے لوگوں میں شامل ہو کر رہے گا۔“
قَالَ رَبِّ إِنَّ قَوْمِى كَذَّبُونِ ١١٧
نُوحؑ نے دُعا کی”اے میرے ربّ، میری قوم نے مجھے جھُٹلا دیا۔
فَٱفْتَحْ بَيْنِى وَبَيْنَهُمْ فَتْحًا وَنَجِّنِى وَمَن مَّعِىَ مِنَ ٱلْمُؤْمِنِينَ ١١٨
اب میرے اور ان کے درمیان دو ٹوک فیصلہ کر دے اور مجھے اور جو مومن میرے ساتھ ہیں ان کو نجات دے۔“
فَأَنجَيْنَـٰهُ وَمَن مَّعَهُۥ فِى ٱلْفُلْكِ ٱلْمَشْحُونِ ١١٩
آخر کار ہم نے اس کو اور اس کے ساتھیوں کو ایک بھری ہوئی کشتی میں بچا لیا۔
ثُمَّ أَغْرَقْنَا بَعْدُ ٱلْبَاقِينَ ١٢٠
اور اس کے بعد باقی لوگوں کو غرق کر دیا
إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ١٢١
یقیناً اس میں ایک نشانی ہے، مگر ان میں سے اکثر لوگ ماننے والے نہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ١٢٢
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
كَذَّبَتْ عَادٌ ٱلْمُرْسَلِينَ ١٢٣
عاد نے رسُولوں کو جھُٹلایا۔
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ هُودٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٢٤
یاد کرو جبکہ ان کے بھائی ہُودؑ نے اُن سے کہا تھا ” کیا تم ڈرتے نہیں؟
إِنِّى لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٢٥
میں تمہارے لیے ایک امانت دار رسول ہوں
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٢٦
لہٰذا تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
وَمَآ أَسْــَٔلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍۖ إِنْ أَجْرِىَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٢٧
میں اس کام پر تم سے کسی اجر کا طالب نہیں ہوں میرا اجر تو رب العالمین کے ذمہ ہے
أَتَبْنُونَ بِكُلِّ رِيعٍ ءَايَةً تَعْبَثُونَ ١٢٨
یہ تمہارا کیا حال ہے کہ ہر اُونچے مقام پر لاحاصل ایک یادگار عمارت بنا ڈالتے ہو
وَتَتَّخِذُونَ مَصَانِعَ لَعَلَّكُمْ تَخْلُدُونَ ١٢٩
اور بڑے بڑے قصر تعمیر کرتے ہو گویا تمہیں ہمیشہ رہنا ہے۔
وَإِذَا بَطَشْتُم بَطَشْتُمْ جَبَّارِينَ ١٣٠
اور جب کسی پر ہاتھ ڈالتے ہو جبّار بن کر ڈالتے ہو۔
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٣١
پس تم لوگ اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
وَٱتَّقُواْ ٱلَّذِىٓ أَمَدَّكُم بِمَا تَعْلَمُونَ ١٣٢
ڈرو اُس سے جس نے وہ کچھ تمہیں دیا ہے جو تم جانتے ہو
أَمَدَّكُم بِأَنْعَـٰمٍ وَبَنِينَ ١٣٣
تمہیں جانور دیے، اولادیں دیں
وَجَنَّـٰتٍ وَعُيُونٍ ١٣٤
باغ دیے اور چشمے دیے
إِنِّىٓ أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ ١٣٥
مجھے تمہارے حق میں ایک بڑے دن کے عذاب کا ڈر ہے"
قَالُواْ سَوَآءٌ عَلَيْنَآ أَوَعَظْتَ أَمْ لَمْ تَكُن مِّنَ ٱلْوَٲعِظِينَ ١٣٦
انہوں نے جواب دیا "تو نصیحت کر یا نہ کر، ہمارے لیے یکساں ہے
إِنْ هَـٰذَآ إِلَّا خُلُقُ ٱلْأَوَّلِينَ ١٣٧
یہ باتیں تو یونہی ہوتی چلی آئی ہیں۔
وَمَا نَحْنُ بِمُعَذَّبِينَ ١٣٨
اور ہم عذاب میں مُبتلا ہونے والے نہیں ہیں"
فَكَذَّبُوهُ فَأَهْلَكْنَـٰهُمْۗ إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ١٣٩
آخر کار انہوں نے اُسے جھُٹلا دیا اور ہم نے ان کو ہلاک کر دیا۔ یقیناً اس میں ایک نشانی ہے، مگر ان میں سے اکثر لوگ ماننے والے نہیں ہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ١٤٠
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
كَذَّبَتْ ثَمُودُ ٱلْمُرْسَلِينَ ١٤١
ثمود نے رسُولوں کو جھُٹلایا۔
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ صَـٰلِحٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٤٢
یاد کرو جبکہ ان کے بھائی صالحؑ نے ان سے کہا "کیا تم ڈرتے نہیں؟
إِنِّى لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٤٣
میں تمہارے لیے ایک امانت دار رسُول ہوں۔
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٤٤
لہٰذا تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
وَمَآ أَسْــَٔلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍۖ إِنْ أَجْرِىَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٤٥
میں اس کام پر تم سے کسی اجر کا طالب نہیں، میرا اجر تو رب العالمین کے ذمہ ہے
أَتُتْرَكُونَ فِى مَا هَـٰهُنَآ ءَامِنِينَ ١٤٦
کیا تم اُن سب چیزوں کے درمیان ، جو یہاں ہیں ، بس یوں ہی اطمینان سے رہنے دیے جاوٴ گے؟
فِى جَنَّـٰتٍ وَعُيُونٍ ١٤٧
اِن باغوں اور چشموں میں؟
وَزُرُوعٍ وَنَخْلٍ طَلْعُهَا هَضِيمٌ ١٤٨
اِن کھیتوں اور نخلستانوں میں جن کے خوشے رس بھرے ہیں؟
وَتَنْحِتُونَ مِنَ ٱلْجِبَالِ بُيُوتًا فَـٰرِهِينَ ١٤٩
تم پہاڑ کھود کھود کر فخریہ اُن میں عمارتیں بناتے ہو۔
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٥٠
اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
وَلَا تُطِيعُوٓاْ أَمْرَ ٱلْمُسْرِفِينَ ١٥١
اُن بے لگام لوگوں کی اطاعت نہ کرو
ٱلَّذِينَ يُفْسِدُونَ فِى ٱلْأَرْضِ وَلَا يُصْلِحُونَ ١٥٢
جو زمین میں فساد برپا کرتے ہیں اور کوئی اصلاح نہیں کرتے۔“
قَالُوٓاْ إِنَّمَآ أَنتَ مِنَ ٱلْمُسَحَّرِينَ ١٥٣
اُنہوں نے جواب دیا”تُو محض ایک سحر زدہ آدمی ہے۔
مَآ أَنتَ إِلَّا بَشَرٌ مِّثْلُنَا فَأْتِ بِـَٔـايَةٍ إِن كُنتَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ ١٥٤
تُو ہم جیسے ایک انسان کے سوا اور کیا ہے۔ لا کوئی نشانی اگر تُو سچا ہے۔ “
قَالَ هَـٰذِهِۦ نَاقَةٌ لَّهَا شِرْبٌ وَلَكُمْ شِرْبُ يَوْمٍ مَّعْلُومٍ ١٥٥
صالح نے کہا”یہ اُونٹنی ہے۔ ایک دن اس کے پینے کا ہے اور ایک دن تم سب کے پانی لینے کا۔
وَلَا تَمَسُّوهَا بِسُوٓءٍ فَيَأْخُذَكُمْ عَذَابُ يَوْمٍ عَظِيمٍ ١٥٦
اس کو ہرگز نہ چھیڑنا ورنہ ایک بڑے دن کا عذاب تم کو آ لے گا"
فَعَقَرُوهَا فَأَصْبَحُواْ نَـٰدِمِينَ ١٥٧
مگر انہوں نے اس کی کوچیں کاٹ دیں اور آخر کار پچھتاتے رہ گئے۔عذاب نے انہیں آلیا۔
فَأَخَذَهُمُ ٱلْعَذَابُۗ إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ١٥٨
عذاب نے انہیں آ لیا یقیناً اس میں ایک نشانی ہے، مگر ان میں سے اکثر ماننے والے نہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ١٥٩
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
كَذَّبَتْ قَوْمُ لُوطٍ ٱلْمُرْسَلِينَ ١٦٠
لُوطؑ کی قوم نے رسُولوں کو جھُٹلایا۔
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ لُوطٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٦١
یاد کرو جبکہ ان کے بھائی لوطؑ نے ان سے کہا تھا "کیا تم ڈرتے نہیں؟
إِنِّى لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٦٢
میں تمہارے لیے ایک امانت دار رسول ہوں
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٦٣
لہٰذا تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
وَمَآ أَسْــَٔلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍۖ إِنْ أَجْرِىَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٦٤
میں اس کام پر تم سے کسی اجر کا طالب نہیں ہوں، میرا اجر تو رب العالمین کے ذمہ ہے
أَتَأْتُونَ ٱلذُّكْرَانَ مِنَ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٦٥
کیا تم دنیا کی مخلوق میں سے مردوں کے پاس جاتے ہو
وَتَذَرُونَ مَا خَلَقَ لَكُمْ رَبُّكُم مِّنْ أَزْوَٲجِكُمۚ بَلْ أَنتُمْ قَوْمٌ عَادُونَ ١٦٦
اور تمہاری بیویوں میں تمہارے ربّ نے تمہارے لیے جو کچھ پیدا کیا ہے اسے چھوڑ دیتے ہو؟ بلکہ تم لوگ تو حد سے ہی گزر گئے ہو۔“
قَالُواْ لَئِن لَّمْ تَنتَهِ يَـٰلُوطُ لَتَكُونَنَّ مِنَ ٱلْمُخْرَجِينَ ١٦٧
انہوں نے کہا”اے لُوطؑ ، اگر تُو اِن باتوں سے باز نہ آیا تو جو لوگ ہماری بستیوں سے نکالے گئے ہیں اُن میں تُو بھی شامل ہو کر رہے گا۔“
قَالَ إِنِّى لِعَمَلِكُم مِّنَ ٱلْقَالِينَ ١٦٨
اس نے کہا "تمہارے کرتوتوں پر جو لوگ کُڑھ رہے ہیں میں اُن میں شامل ہوں
رَبِّ نَجِّنِى وَأَهْلِى مِمَّا يَعْمَلُونَ ١٦٩
اے پروردگار، مجھے اور میرے اہل و عیال کو ان کی بد کرداریوں سے نجات دے۔“
فَنَجَّيْنَـٰهُ وَأَهْلَهُۥٓ أَجْمَعِينَ ١٧٠
آخرکار ہم نے اسے اور اس کے سب اہل و عیال کو بچا لیا
إِلَّا عَجُوزًا فِى ٱلْغَـٰبِرِينَ ١٧١
بجز ایک بُڑھیا کے جو پیچھے رہ جانے والوں میں تھی۔
ثُمَّ دَمَّرْنَا ٱلْأَخَرِينَ ١٧٢
پھر باقی ماندہ لوگوں کو ہم نے تباہ کر دیا
وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهِم مَّطَرًاۖ فَسَآءَ مَطَرُ ٱلْمُنذَرِينَ ١٧٣
اور ان پر برسائی ایک برسات، بڑی ہی بُری بارش تھی جو اُن ڈرائے جانے والوں پر نازل ہوئی۔
إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ١٧٤
یقیناً اس میں ایک نشانی ہے، مگر اِن میں سے اکثر ماننے والے نہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ١٧٥
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
كَذَّبَ أَصْحَـٰبُ لْــَٔيْكَةِ ٱلْمُرْسَلِينَ ١٧٦
اصحابُ الایکہ نے رسُولوں کو جھُٹلایا۔
إِذْ قَالَ لَهُمْ شُعَيْبٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٧٧
یاد کرو جبکہ شعیبؑ نے ان سے کہا تھا "کیا تم ڈرتے نہیں؟
إِنِّى لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٧٨
میں تمہارے لیے ایک امانت دار رسول ہوں
فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٧٩
لہٰذا تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
وَمَآ أَسْــَٔلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍۖ إِنْ أَجْرِىَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٨٠
میں اس کام پر تم سے کسی اجر کا طالب نہیں ہوں میرا اجر تو رب العالمین کے ذمہ ہے
۞ أَوْفُواْ ٱلْكَيْلَ وَلَا تَكُونُواْ مِنَ ٱلْمُخْسِرِينَ ١٨١
پیمانے ٹھیک بھرو اور کسی کو گھاٹا نہ دو
وَزِنُواْ بِٱلْقِسْطَاسِ ٱلْمُسْتَقِيمِ ١٨٢
صحیح ترازو سے تولو
وَلَا تَبْخَسُواْ ٱلنَّاسَ أَشْيَآءَهُمْ وَلَا تَعْثَوْاْ فِى ٱلْأَرْضِ مُفْسِدِينَ ١٨٣
اور لوگوں کو ان کی چیزیں کم نہ دو زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو
وَٱتَّقُواْ ٱلَّذِى خَلَقَكُمْ وَٱلْجِبِلَّةَ ٱلْأَوَّلِينَ ١٨٤
اور اُس ذات کا خوف کرو جس نے تمہیں اور گزشتہ نسلوں کو پیدا کیا ہے"
قَالُوٓاْ إِنَّمَآ أَنتَ مِنَ ٱلْمُسَحَّرِينَ ١٨٥
انہوں نے کہا "تو محض ایک سحرزدہ آدمی ہے
وَمَآ أَنتَ إِلَّا بَشَرٌ مِّثْلُنَا وَإِن نَّظُنُّكَ لَمِنَ ٱلْكَـٰذِبِينَ ١٨٦
اور تو کچھ نہیں مگر ایک انسان ہم ہی جیسا، اور ہم تو تجھے بالکل جھوٹا سمجھتے ہیں
فَأَسْقِطْ عَلَيْنَا كِسَفًا مِّنَ ٱلسَّمَآءِ إِن كُنتَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ ١٨٧
اگر تو سچا ہے تو ہم پر آسمان کا کوئی ٹکڑا گرا دے"
قَالَ رَبِّىٓ أَعْلَمُ بِمَا تَعْمَلُونَ ١٨٨
شعیبؑ نے کہا”میرا ربّ جانتا ہے جو کچھ تم کر رہے ہو۔“
فَكَذَّبُوهُ فَأَخَذَهُمْ عَذَابُ يَوْمِ ٱلظُّلَّةِۚ إِنَّهُۥ كَانَ عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ ١٨٩
انہوں نے اُسے جھُٹلا دیا، آخر کارچھتری والے دن کا عذاب ان پر آگیا ، اور وہ بڑے ہی خوفناک دن کا عذاب تھ
إِنَّ فِى ذَٲلِكَ لَأَيَةًۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ ١٩٠
یقیناً اس میں ایک نشانی ہے، مگر ان میں سے اکثر لوگ ماننے والے نہیں
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ ٱلْعَزِيزُ ٱلرَّحِيمُ ١٩١
اور حقیقت یہ ہے کہ تیرا رب زبردست بھی ہے اور رحیم بھی
وَإِنَّهُۥ لَتَنزِيلُ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ ١٩٢
یہ ربّ العالمین کی نازل کردہ چیز ہے۔
نَزَلَ بِهِ ٱلرُّوحُ ٱلْأَمِينُ ١٩٣
اسے لے کر تیرے دل پر امانت دار رُوح اُتری ہے
عَلَىٰ قَلْبِكَ لِتَكُونَ مِنَ ٱلْمُنذِرِينَ ١٩٤
تاکہ تو اُن لوگوں میں شامل ہو جو (خدا کی طرف سے خلق خدا کو) متنبّہ کرنے والے ہیں
بِلِسَانٍ عَرَبِىٍّ مُّبِينٍ ١٩٥
صاف صاف عربی زبان میں۔
وَإِنَّهُۥ لَفِى زُبُرِ ٱلْأَوَّلِينَ ١٩٦
اور اگلے لوگوں کی کتابوں میں بھی یہ موجود ہے۔
أَوَلَمْ يَكُن لَّهُمْ ءَايَةً أَن يَعْلَمَهُۥ عُلَمَـٰٓؤُاْ بَنِىٓ إِسْرَٲٓءِيلَ ١٩٧
کیا اِن (اہلِ مکّہ)کےلیے یہ کوئی نشانی نہیں ہے کہ اِسے علماءِ بنی اسرائیل جانتے ہیں؟
وَلَوْ نَزَّلْنَـٰهُ عَلَىٰ بَعْضِ ٱلْأَعْجَمِينَ ١٩٨
(لیکن اِن کی ہٹ دھرمی کا حال یہ ہے کہ) اگر ہم اسے کسی عجمی پر بھی نازل کر دیتے
فَقَرَأَهُۥ عَلَيْهِم مَّا كَانُواْ بِهِۦ مُؤْمِنِينَ ١٩٩
اور یہ (فصیح عربی کلام)وہ ان کو پڑھ کر سُناتا تب بھی یہ مان کر نہ دیتے۔
كَذَٲلِكَ سَلَكْنَـٰهُ فِى قُلُوبِ ٱلْمُجْرِمِينَ ٢٠٠
اِسی طرح ہم نے اس (ذکر)کو مجرموں کے دلوں میں گزارا ہے۔
لَا يُؤْمِنُونَ بِهِۦ حَتَّىٰ يَرَوُاْ ٱلْعَذَابَ ٱلْأَلِيمَ ٢٠١
وہ اس پر ایمان نہیں لاتے جب تک کہ عذاب الِیم نہ دیکھ لیں۔
فَيَأْتِيَهُم بَغْتَةً وَهُمْ لَا يَشْعُرُونَ ٢٠٢
پھر جب وہ بے خبری میں ان پر آ پڑتا ہے
فَيَقُولُواْ هَلْ نَحْنُ مُنظَرُونَ ٢٠٣
اُس وقت وہ کہتے ہیں کہ”کیا اب ہمیں کچھ مہلت مِل سکتی ہے؟“
أَفَبِعَذَابِنَا يَسْتَعْجِلُونَ ٢٠٤
تو کیا یہ لوگ ہمارے عذاب کے لیے جلدی مچا رہے ہیں؟
أَفَرَءَيْتَ إِن مَّتَّعْنَـٰهُمْ سِنِينَ ٢٠٥
تم نے کچھ غور کیا، اگر ہم انہیں برسوں تک عیش کرنے کی مُہلت بھی دے دیں
ثُمَّ جَآءَهُم مَّا كَانُواْ يُوعَدُونَ ٢٠٦
اور پھر وہی چیز ان پر آ جائے جس سے انہیں ڈرایا جا رہا ہے
مَآ أَغْنَىٰ عَنْهُم مَّا كَانُواْ يُمَتَّعُونَ ٢٠٧
تو وہ سامانِ زیست جو ان کو ملا ہوا ہے اِن کے کس کام آئے گا؟
وَمَآ أَهْلَكْنَا مِن قَرْيَةٍ إِلَّا لَهَا مُنذِرُونَ ٢٠٨
(دیکھو) ہم نے کبھی کسی بستی کو اِس کے بغیر ہلاک نہیں کیا کہ اُس کے لیے خبردار کرنے والے حق نصیحت ادا کرنے کو موجود تھے
ذِكْرَىٰ وَمَا كُنَّا ظَـٰلِمِينَ ٢٠٩
اور ہم ظالم نہ تھے۔
وَمَا تَنَزَّلَتْ بِهِ ٱلشَّيَـٰطِينُ ٢١٠
اِس (کتابِ مبین)کو شیاطین لے کر نہیں اُترے ہیں،
وَمَا يَنۢبَغِى لَهُمْ وَمَا يَسْتَطِيعُونَ ٢١١
نہ یہ کام ان کو سجتا ہے ، اور نہ وہ ایسا کر ہی سکتے ہیں۔
إِنَّهُمْ عَنِ ٱلسَّمْعِ لَمَعْزُولُونَ ٢١٢
وہ تو اس کی سماعت تک سے دُور رکھے گئے ہیں۔
فَلَا تَدْعُ مَعَ ٱللَّهِ إِلَـٰهًا ءَاخَرَ فَتَكُونَ مِنَ ٱلْمُعَذَّبِينَ ٢١٣
پس اے محمدؐ ، اللہ کے ساتھ کسی دُوسرے معبُود کو نہ پکارو، ورنہ تم بھی سزا پانے والوں میں شامل ہو جاوٴ گے۔
وَأَنذِرْ عَشِيرَتَكَ ٱلْأَقْرَبِينَ ٢١٤
اپنے قریب ترین رشتہ داروں کو ڈراوٴ،
وَٱخْفِضْ جَنَاحَكَ لِمَنِ ٱتَّبَعَكَ مِنَ ٱلْمُؤْمِنِينَ ٢١٥
اور ایمان لانے والوں میں سے جو لوگ تمہاری پیروی اختیار کریں ان کے ساتھ تواضع سے پیش آؤ
فَإِنْ عَصَوْكَ فَقُلْ إِنِّى بَرِىٓءٌ مِّمَّا تَعْمَلُونَ ٢١٦
لیکن اگر وہ تمہاری نافرمانی کریں تو ان سے کہہ دو کہ جو کچھ تم کرتے ہو اس سے میں بری الذّمّہ ہوں۔
وَتَوَكَّلْ عَلَى ٱلْعَزِيزِ ٱلرَّحِيمِ ٢١٧
اور اُس زبر دست اور رحیم پر توکّل کرو
ٱلَّذِى يَرَٮٰكَ حِينَ تَقُومُ ٢١٨
جو تمہیں اُس وقت دیکھ رہا ہوتا ہے جب تم اُٹھتے ہو
وَتَقَلُّبَكَ فِى ٱلسَّـٰجِدِينَ ٢١٩
اور سجدہ گزار لوگوں میں تمہاری نقل و حرکت پر نگا ہ رکھتا ہے۔
إِنَّهُۥ هُوَ ٱلسَّمِيعُ ٱلْعَلِيمُ ٢٢٠
وہ سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے
هَلْ أُنَبِّئُكُمْ عَلَىٰ مَن تَنَزَّلُ ٱلشَّيَـٰطِينُ ٢٢١
لوگو، کیا میں تمہیں بتاؤں کہ شیاطین کس پر اُترا کرتے ہیں؟
تَنَزَّلُ عَلَىٰ كُلِّ أَفَّاكٍ أَثِيمٍ ٢٢٢
وہ ہر جعل ساز بدکار پر اُترا کرتے ہیں۔
يُلْقُونَ ٱلسَّمْعَ وَأَكْثَرُهُمْ كَـٰذِبُونَ ٢٢٣
سُنی سُنائی باتیں کانوں میں پھُونکتے ہیں اور ان میں سے اکثر جھُوٹے ہوتے ہیں۔
وَٱلشُّعَرَآءُ يَتَّبِعُهُمُ ٱلْغَاوُۥنَ ٢٢٤
رہے شعراء، تو ان کے پیچھے بہکے ہوئے لوگ چلا کرتے ہیں۔
أَلَمْ تَرَ أَنَّهُمْ فِى كُلِّ وَادٍ يَهِيمُونَ ٢٢٥
کیا تم دیکھتے نہیں ہو کہ وہ ہر وادی میں بھٹکتے ہیں
وَأَنَّهُمْ يَقُولُونَ مَا لَا يَفْعَلُونَ ٢٢٦
اور ایسی باتیں کہتے ہیں جو کرتے نہیں ہیں
إِلَّا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّـٰلِحَـٰتِ وَذَكَرُواْ ٱللَّهَ كَثِيرًا وَٱنتَصَرُواْ مِنۢ بَعْدِ مَا ظُلِمُواْۗ وَسَيَعْلَمُ ٱلَّذِينَ ظَلَمُوٓاْ أَىَّ مُنقَلَبٍ يَنقَلِبُونَ ٢٢٧
بجز اُن لوگوں کے جو ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے اور اللہ کو کثرت سے یاد کیا، اور جب ان پر ظلم کیا گیا تو صرف بدلہ لے لیا ۔۔۔۔ اور ظلم کرنے والوں کو عنقریب معلوم ہو جائے گا کہ وہ کس انجام سے دوچار ہوتے ہیں۔